لاہور (صباح نیوز )امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کا جماعت اسلامی باجوڑ کے سیکرٹری جنرل صوفی محمد حمید کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سانحے کو حکومت اور ایجنسیوں کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے۔امیر جماعت نے کہا ہے کہ ہر دہشت گردی واقعے کے بعد حکومت بیان بازی اور طفل تسلی سے کام لیتی ہے، حکمران متاثرین سے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے ناکے اور چھاؤنیاں عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے تسلسل کے یہ واقعات اور خاص طور پر ان واقعات میں ملوث افراد کہاں سے آتے ہیں اور کہاں چلے جاتے ہیں، ایسے واقعات عوامی ذہنوں میں ایجنسیوں اور اداروں کی ناہلی کے علاوہ بھی کئی حوالوں سے شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں۔ حکومت عوامی صبر کا امتحان نہ لے، عوام کو تحفظ فراہم کرے اور واقعے کے تمام محرکات فوری طور پر سامنے لائے، مجرموں کو گرفتار کیا جائے اور جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے۔