لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان حکومت میں پاکستان کے صنعتی علاقوں میں شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی کیلئے معاہدے کی تقریب وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔ جاپانی سفیرواڈامٹسوہیرواور مرکزی نائب صدروچئیرمین الخدمت واش پروگرام سیداحسان اللہ وقاص نے معاہدے پر دستخط کئے، جس کے مطابق پاکستان کے شہروں فیصل آباد اور اوکاڑہ میں 7واٹرفلٹریشن پلانٹ لگانے کیلئے جاپان حکومت،الخدمت فاؤنڈیشن کو19.5ملین روپے فراہم کرے گی۔
جاپانی سفیرواڈامٹسوہیرونے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی عوام کا معیارزندگی بلند کرنے کیلئے جاپانی حکومت،پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری رکھے گی ہمیں امیدہے مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے یہ ترقیاتی منصوبے عوام کا معیارزندگی بلندکرنے میں مدد دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت نظام کو مزید لچکدار بنائے گی اور پاکستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروقت امداد فراہم کرے گی۔ نائب صدرالخدمت سیداحسان اللہ وقاص نے جاپانی سفیرکا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ صنعتی علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے کوجلد مکمل کریں گے، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں سات واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جن سے یہاں کے ہزاروں خاندانوں کوفلٹرشدہ پانی کی فراہمی کا آغاز ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال الخدمت فاؤنڈیشن نے 31.2 کروڑ کی لاگت سے صاف پانی کے منصوبہ جات کی تنصیب کی ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی منصوبہ جات سے روزانہ 56 لاکھ سے زائد افراد صاف پانی کی نعمت سے مستفید ہوتے ہیں۔