فلسطینی سفیر سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات


اسلام آباد ،لاہو ر (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانہ میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زھیر زید سے ملاقات کی ہے ۔انہوں نے پاکستان میں تعیناتی پر نئے فلسطینی سفیر کو خوش آمدید کہا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزادی فلسطین کی جد و جہد میں ہم فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، فلسطین کے حوالے سے ہماری وہی پالیسی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی تھی اور جس کا اعلان مسلمانان ہند نے 1940 میں قرار داد پاکستان پیش کرتے وقت کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ہر کارکن القدس کی آزادی کا نقیب ہے اور مسئلہ فلسطین پر پوری پاکستانی قوم متحد اور یک آواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے عوام کی امداد کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور اس میں ہم مزید تیزی لائیں گے۔فلسطینی سفیر نے پاکستان کے عوام اور جماعت اسلامی پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور پاکستان کی حمایت فلسطینیوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ صہیونیت نسلی تفاخر پر مبنی ایک غیر انسانی نظریہ ہے جو غیر یہودی بے گناہ عوام حتی کہ بے گناہ خواتین اور بچوں کے قتل کو جائز سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی نظریات سے پورے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ مزید عملی اقدمات کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔