تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں فوری اقدامات کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں فوری اقدامات کی ضرورت ہے،  دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، وقت کے تقاضوں کے مطابق ہمیں خود کو بدلنا ہوگا۔

عالمی چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق مارگلہ ڈائیلاگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کا اجتماعی بصیرت اور دانش سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے، تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، عدم عالمگیریت کے باعث دنیا میں نئے اتحاد بن رہے ہیں، نئے اتحادوں نے اقوام متحدہ اور ڈبلیو ٹی او جیسے عالمی اداروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،عالمی طاقتوں کے درمیان مقابلے سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا  کہ جنوبی ایشیا کو مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہمیں مل کر خطہ کو ہر امن بنانا ہے، ہمارا مشن ملک میں عدل سے بھرپور معاشرہ سماجی معاشی معاشرتی ترقی ہے، ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں سیاسی استحکام ہو۔