پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ کابینہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ


اسلام آباد (صباح نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ کابینہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ،مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا،جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اورمختلف سفارشات کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ نجکاری کے معاملات قوانین و ضوابط کے مطابق اور ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہوں گے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے امور کا حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت اداروں کی پرائیوٹائزیشن کیلئے آئندہ پیشکش کے عمل کوبہترسے بہتر بنایا جائے،عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ پی آئی اے سمیت دیگرسرکاری اداروں کی بلاتاخیرنجکاری کو آگے بڑھایا جائے۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنے حلف کے پابند ہیں کہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے جو کچھ ہوا وہ ضرور کریں گے۔پی آئی اے نجکاری کے عمل سے سیکھنے اور آئندہ اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں دیگر منصوبوں کی نجکاری کے حوالے سے بھی اہم امور زیر غور آئے۔

وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے تمام اراکین کی تجاویز کو فرداً فرداً سنا ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ بورڈ نے بھر پور کام کیا، پی آئی اے کی نجکاری میں ترکش اور سنگاپور سمیت مختلف ائر لائنز نے دلچسپی لی۔وفاقی وزیر نجکاری نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں نگران حکومت کے دیئے گئے فریم ورک کو آگے بڑھایا، ہمیں مستقبل میں نجکاری میں شامل اداروں کے تحفظات کو بھی پیش نظر رکھنا ہوگا۔پرائیویٹائزیشن بورڈ اجلاس میں ممبران کی نجکاری کے عمل میں شرکت کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔