تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اس وقت صوبے میں 26ہزار اساتذہ احتجاج پر ہیں،حکومت اساتذہ اور طلبہ مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا وسیم حیدر


پشاور(صباح نیوز)صوبائی ناظم اسلامی جمعیت طلبہ وسیم حیدر نے کہاہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔اس وقت صوبے میں 26ہزار اساتذہ احتجاج پر ہیں،حکومت اساتذہ اور طلبہ مسائل حل کرنے میں سنجید نہیں،اسلامی جمعیت طلبہ نے محدود وسائل کے باجود تعلیمی اداروں میں طلبہ خدمت کی اعلی مثال قائم کی۔نوجوان دور جدید چیلنجز سے نمنٹنے کے لیے خود کو تیار کریں۔ان خیالات کا اظہارناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخوا وسیم حیدر نے گل آباد کالج دیر لوئر میں سالانہ ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے دعویداروں کی حکومت میں طلبا مسائل سے دوچار ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں طلبہ مسائل حل کرنے میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہیں۔وسیم حیدرنے کہا کہ ختم نبوت تحریک اور بنگلا دیش نامنظور تحریک کو طلبہ نے لیڈ کیاتھا، آج بھی تعلیمی اداروں میں مین اسٹیک ہولڈرز طلبہ ہیں۔انہوں نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا طلبہ یونین بحالی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں یونین الیکشن کرائیں،طلبہ یونین جمہوریت کی نرسری ہیں۔جنرل ضیا الحق نے اپنے اقتدار کے خاطر طلبہ کے اس حق پر پابندی لگائی، طلبہ مسائل کے حل کے لیے 27نومبر کو  چکدرہ انٹرچینج پر حقوق طلبہ جرگہ منعقد کریں گے اور ملاکنڈ ڈویژن بھر کے طلبہ اپنے حقوق کے لیے متحد اور جمع کریں گے۔سٹوڈنٹس ایکسپو میں سیرت النبی،فینٹنگ مقابلہ جات ہوئے جس میں کالج طلبہ وطالبات نے حصہ لیا۔سٹوڈنٹس ایکسپو سے ناظم ملاکنڈ مقام محمد تیمور،ناظم علاقہ کالجز فیاض الحق فیضی،ناظم گل آباد کالج اصغر خان نے بھی خطاب کیا۔