ریاض(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف عرب-اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ریاض سے باکو کے لئے روانہ۔ریاض کے انٹر نیشنل رائل ٹرمینل پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیرنواف سعید المالکی ، سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔اپنے تین روزہ دورہِ آذربائیجان کے دوران وزیرِ اعظم باکو میں کانفرنس آف پارٹیز کے 29ویں (COP-29) کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے دوچار ممالک کی مشکلات کو اجاگر کرنے کیلئے منعقدہ اس اجلاس میں وزیرِاعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر روشنی ڈالیں گے۔وزیرِاعظم کاپ-29 کے عالمی رہنماں کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیرِ اعظم کاپ-29 کے سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے منعقد کلائیمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کریں گے جس میں متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔وزیرِ اعظم اس کے ساتھ ساتھ تاجک صدرامام علی رحمن کی جانب سے گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے منعقدہ اعلی سطح تقریب “گلیشئیرز 2025: گلیشیئرز کیلئے اقدامات” میں بھی شرکت کریں گے۔وزیرِاعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرات پر منعقدہ اعلی سطح تقریب “Delivering Early Warning for All and Addressing Extreme Heat” میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کے صدر کی جانب سے عالمی رہنماں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔وزیرِ اعظم COP-29 میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جہاں نہ صرف باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوگی بلکہ وزیرِاعظم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ایڈووکیٹ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔