کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کرچی کے امیر منعم ظفر خان نے امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ، ٹائون چیئر مین لانڈھی عبد الجمیل کے ہمراہ لانڈھی نمبر 1یوسی 6میں3پارکوں قلندری پارک ، ابو طلحہ پارک،مولانا محمد علی جوہر پارک اور انعامی گرانڈ میں فلڈ لائٹس کے افتتاح کر دیا ۔
انہوں نے ترقیاتی کاموں کی تختیوں کی نقاب کشائی بھی کی۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں اور علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قابض میئر اور قبضہ ٹان چیئر مینوں نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے، کراچی کے وسائل پر پورا ملک اور صوبہ چل رہا ہے ،اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے قوم کا پیسہ دیانت داری کے ساتھ خرچ کر رہے ہیں۔
جماعت اسلامی کے ٹانز میں چاروں طرف ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں،عوام دیانت دار قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں۔اس موقع پرٹائون کو آرڈی نیٹر سید اقبال سعید،سیکریٹری ضلع اور یوسی چیئرمین عبدالحفیظ،عبدالرحمان،یوسیز چیئرمین اسرار احمد صدیقی،سرفرازانصاری،مولانا محمد ادریس ،نادر علی خان لودھی،نورحسین،قاری انوار الہی،حسیب احمد خان اور لانڈھی ٹان کے افسران ، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹان ہیں اور ہم نے اختیارات کا رونا رونے کے بجائے عملی طور پر کراچی کے شہریوں کی خدمت کی۔
ہم نے ا یک سال کے دوران تقریبا120 پارکوںکو آباد کیا،33اسکولوں کی حالت زار کو بہتر بنایا۔40ہزار اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ، نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور کا K-4 منصوبہ، جس کو 2011میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا اور آئندہ تین سال تک بھی کراچی کے شہریوں کو اس سے پانی نہیں مل سکے گا کیونکہ بلک کی لائنیں کمزور ہیں جب تک لائنوں کا پورا نظام درست نہیں کیا جائے گا کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہکراچی سے وفاق کو67فیصد ریونیو اور سندھ کو 97فیصد ادا ہوتا ہے ، ملک میں پیپلز پارٹی کا صدر ہے۔سندھ میں 16سال سے ان کی حکومت ہے اور کراچی میں قابض میئر موجود ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔صحت وصفائی کا کوئی نظام موجود نہیں جس کی وجہ سے کراچی گندگی اور غلاظتوں کا شہر بن گیا ہے شہر میں ٹرانسپورٹ ناپید ہے ہماری خواتین نوجوان،بزرگ اور بچے چنگ چی میں سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔شہر کی سڑکیں تباہ حال ہیں اور غیر معیاری تعمیر کی وجہ سے نئی تعمیر شدہ سڑکیں معمولی بارش میں ہی بہہ گئیں۔
عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ بلدیاتی اور قومی وصوبائی اسمبلی کے انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو بھرپور طریقے سے ووٹ دیئے لیکن دھاندلی سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو قوم پر مسلط کردیا گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ کراچی کی عوام کو اپنے دوست اور دشمن کی تمیز ہے۔پیپلز پارٹی نے لوٹ مار کے سوا کوئی کام نہیں کیا ہے۔دھاندلی کے ذریعے کراچی کے شہریوں پر مسلط ہونے والوں سے کراچی کی عوام نفرت کرتے ہیں اور کبھی ان کے بہکاوے میں نہیں آئے گے اور 14نومبر کو ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو عبرت ناک شکست دی جائے گی۔
جماعت اسلامی ہی کراچی کو روشن ،خوشحال،ترقی یافتہ اور پرامن رکھ سکتی ہے،عبدالجمیل خان نے کہا کہ آج” سنورتا لانڈھی پروگرام” کے تحت لانڈھی میں چاروں طرف ترقیاتی کام جاری ہیں۔روڈ 12000کورنگی ڈھائی سے لے کر الرازی چوک تک مین روڈ پر دونوں اطراف کے فٹ پاتھ پر ٹائلز لگائی جارہی ہیں اور پارکوں،چورنگیوں کی تزئین و آرائش کے کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔یوسی 6 میں پارکوں کا افتتاح اور انعامی گرانڈ میں فلڈ لائٹس کا افتتاح ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔