پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت عمران خان کو دھوکہ دے رہی ہے، سینیٹر محمد طلال چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنماسینیٹر محمد طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )کی موجودہ قیادت عمران خان کو دھوکہ دے رہی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں محمد طلا چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نعرہ ہے ٹرمپ بانی کو جیل سے نکالیں گے، ٹرمپ نے ریاست سے بات کرنی ہے بانی ان کی پھوپھوکا لڑکا نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قول وفعل میں تضاد ہے،ہم نے عدلیہ آزاد کروائی ہے، یہ دو بوتل پکڑے جانے پر سوموٹو لے لیتے تھے، جس دن دل کرتا تھا اپنی مرضی سے آئین کی تشریح کرتے تھے۔
طلال چوہدری کا گفتگو کے دوران عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کوعدالت میں گڈ ٹوسی یوکہا جاتا تھا پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بانی کودھوکہ دے رہی ہے۔طلال چوہدری نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا پر بھی تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور سے پوچھا جائے ان کا پشاور سے امیدوار کیسے ہارا؟ وہ بتائیں انہیں وزارت اعلی کا منصب کیسے ملا؟ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی والے آئینی ترمیم پرساتھ تھے لیکن عمران خان سے ڈرتے تھے، پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والے گرفتاری کے وقت اسی میں چھپ گئے۔آخر میں سابق آرمی چیف کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرجنرل باجوہ،جنرل فیض نہ ہوتے تو عمران خان کبھی وزیراعظم نہ بنتے، مسلم لیگ(ن)اورپیپلزپارٹی نے کبھی اقتدار کے حصول کا 15سالہ منصوبہ نہیں بنایا۔