کوئٹہ سے ٹرین آپریشن 4 روز کیلئے معطل کردیا گیا


کوئٹہ (صباح نیوز)چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کوئٹہ سے ٹرین آپریشن چار روز  کیلئے روک رہے ہیں، کلیئرنس ملتے ہی کوئٹہ سے آپریشن دوبارہ بحال ہو جائے گا۔سی ای او ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں کے بھر پور تعاون سے کوئٹہ کے ملک بھر سے رابطے کا آغاز ممکن بنایا تھا۔

اس طرح کا واقعہ ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹراما سینٹر میں پچاس زخمی داخل ہیں جن کی دیکھ بھال کے لیے ریلوے کی میڈیکل ٹیمیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوئٹہ ڈویژن کی ٹیم نے دہشت گردی کے واقعے کے بعد جس طرح فوری ریسپانس دیا اور ریلیف آپریشن کا آغاز کیا وہ قابل تحسین ہے۔عامر علی بلوچ نے کہا کہ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔