لاہور (صباح نیوز)پنجاب میں دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے کہا کہ موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن دھند کے باعث بند رہی ، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور موٹروے ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک دھند اور سموگ کی وجہ سے بند کیا گیا
۔حکام نے کہا کہ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند رہی ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں،
صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔موٹر وے پولیس نے کہا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔