آج پاکستان بڑی مشکلات سے دوچار ہے، بدامنی، مہنگائی، لاقانونیت نے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے،ڈاکٹر عطاء الرحمان


تیمر گرہ(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن نے تیمرگرہ دیر پائن میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان بڑی مشکلات سے دوچار ہے، بدامنی، مہنگائی، لاقانونیت نے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے، ان تمام مسائل کے حل کے لئے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو آئین، قانون اور نظریہ اسلام کے مطابق چلنے سے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 26ویں ترمیم کو اس لئے مسترد کیا تھا کہ آئین میں اہم ترامیم حقیقی معنوں میں منتخب پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے جبکہ موجودہ حکومت اور اسمبلی فارم 47 کی پیداوار ہے اور اس ترمیم میں بنیادی طور پر عدلیہ پر حملہ کیا گیا ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ میں اس ترمیم کے خلاف پٹیشن داخل کردی ہے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کیس کو ترجیحی بنیادوں پر لگاکر اس کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔ اسی ترمیم کے تسلسل میں انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ جماعت کے کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ قوم پرستی، فرقہ پرستی سیکولرازم اور مادیت کے ماحول میں اسلام کے حقیقی تصور اور امت کے اتحاد کے پیغام کو اجاگر کریں۔ اسلامی نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔