لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکہ سے خیر کی توقع رکھنا بدترین ذہنی غلامی ہے، یہ بڑا المیہ ہے کہ پاکستان میں ٹرمپ کی کامیابی پر بھی زہریلی پولرائزیشن کی بنیاد پر اپنے اپنے مفاد کی قصہ گوئی کی جارہی ہے ۔لیاقت بلوچ نے نوجوانوں کے وفد اور بلوچستان سے بلوچ اور پشتون طلبہ کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ امریکہ میں صدارتی انتخاب جمہوری اقدار اور پیمانوں کے مطابق ہوگیا،
ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوگئے اور کملا ہیرس نے شکست تسلیم کرلی، یوں صدارتی انتخاب کی تکمیل کے بعد امریکہ نئے مرحلے میں داخل ہوگیا۔ یہ بڑا المیہ ہے کہ پاکستان میں ٹرمپ کی کامیابی پر بھی زہریلی پولرائزیشن کی بنیاد پر اپنے اپنے مفاد کی قصہ گوئی کی جارہی ہے، امریکہ سے خیر کی توقع رکھنا بدترین ذہنی غلامی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر پاکستان کی حکومت اور پی ٹی آئی کی امیدیں لگانا غلط ہے،
عالمی سطح پر پاکستان کو باعزت مقام بنانے کے لئے اندرونی سطح پر ذاتی مفاد پر مبنی رویہ ختم کرنا ہوگا اور قومی ڈائیلاگ، قومی ترجیحات کے ساتھ سیاسی استحکام کے بغیر آگے بڑھنے کا کوئی اور آپشن نہیں۔انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے مالامال کیا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ کرپشن، بدعنوانی، اختیارات کا ناجائز استعمال اور سرکاری خزانہ پر مقتدر طبقوں کی عیاشیاں ختم کی جائیں، قومی اقتصادی پہیہ چلانے کے لئے بجلی، تیل، گیس کی قیمتیں قابلِ برداشت اور ٹیکسوں کے ناجائز بوجھ کا خاتمہ کرنا ہوگا، وگرنہ ہر ملک سے بھیک مانگنے اور ہر عالمی قوت سے بزدلانہ توقعات رکھنا تباہی کے سِوا کچھ نہیں ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان نسل کو یہ شعور اور احساس پیدا کرنا ہوگا کہ قوم پرستی، فرقہ پرستی اور علاقئی تعصبات نوجوانوں کے مستقبل کے لیے زہرِ قاتل ہیں۔ عالمی استعماری قوتوں، قومی اسٹیبلشمنٹ اور مفاد پرست طبقوں نے پاکستان کے عوام کو تقسیم کرکے باہم دست و گریباں کردیا ہے اور کرپٹ، فرسودہ اور نااہل لوگ عوام پر مسلط ہیں۔ جماعتِ اسلامی اور الخدمت نے جدید سائنسی و ٹیکنالوجی کے دور میں نوجوانوں کو باہنر بنانے کے لیے “بنو قابل” ملک گیر پروگرام کا آغاز کردیا ہے، 10 لاکھ نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ہر شعبہ میں تربیت کی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی مضبوط امید ہیں۔ ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ، موبائل فونز کا مثبت استعمال ہی نوجوانوں کو ہر برائی اور تباہی سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسرائیلی صیہونی کسی کی بھی پروا کئے بغیر غزہ اور لبنان کے نہتے عوام پر تاریخ کے بدترین جنگی جرائم کیساتھ حملہ آور ہے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کے ہاتھوں بیگناہ انسانوں کے بے دریغ قتلِ عام اور نسل کشی پر مبنی جنگ کو فوری طور پر بند کرائیں۔ بائیڈن کی صدارت میں اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کی پالیسی دنیا بھر میں امریکہ کے لئے نفرت بڑھانے کا باعث بنی، نئی امریکی انتظامیہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے اور فلسطین و لبنان کے انسانوں کو مزید نسل کشی سے بچایا جائے، اِس سے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کو ذاتی فائدہ بھی ہوگا اور یہ امریکی ساکھ کو بھی دنیا بھر میں بحال کرنے کا ذریعہ بنے گا۔