شہدائے جموں کی انمول قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،حریت کانفرنس


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے 6 نومبر 1947 کو جموں میں قتل عام ہونے والے لاکھوں  شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

 ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس  ( میرواعظ )نے کہا کہ اس دن جموں کے مسلمانوں کی نسلی تطہیر  تاریخ کا ایک انتہائی دردناک باب ہے۔  انہوں نے کہا کہ خطے  میں بادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں  کا بہیمانہ قتل قابل مذمت عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ منظم اور منصوبہ بند طریقے سے یہ انتہائی شرمناک  اقدام کیا گیا ۔  انہوں نے جموں خطہ کے لاکھوں مسلمانوں کی طرف سے دی گئی عظیم قربانیوں کو حق خودارادیت کی جاری تحریک کا عظیم اثاثہ قرار دیا  اور کہا کہ  ان لاکھوں لوگوں کی طرف سے دی گئی قربانیاں جموں و کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ ان شہدا کو ایک عظیم اور مقدس مقصد کے لیے ان کی انمول قربانیوں کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حریت نے اپنے نظر بند چیئرمین کی جانب سے کہا کہ کشمیر اور جموں خطہ بالخصوص چناب اور ڈوڈہ وادی کے لوگوں کے دل  ایک ساتھ دھڑکتے ہیں کیونکہ ہماری سیاسی خواہشات ایک ہیں جموں و کشمیر کے لوگ حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد کے لیے پرعزم ہیں جس کے لیے ریاست کی قیادت اور عوام دونوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔