وزیراعلیٰ  پنجاب  کی پی آئی سی ٹو کو جلد فعال کرنے کیلئے اقدامات کرنے  کی ہدایت


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی)ٹو کو جلد فعال کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینال کے قریب زیر تکمیل پی ٹی آئی سی ٹو کا دورہ کیا اور تعمیرات کا جائزہ لیا،

انہوں نے تعمیراتی مٹیریل اور دیگر امور کا بھی معائنہ کیا ۔ہسپتال کے مختلف فلورز پر ڈرائی پارٹیشن وال اور ایچ ویک کی تنصیب کا کام جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی ٹو کو جلد فعال کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شاہ میر اقبال نے وزیراعلی کو منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو پراجیکٹ 250 بیڈز پر مشتمل ہوگا، پی آئی سی ٹو میں جدید ترین ہائبرڈ آپریشن تھیٹرز بھی بنائے جائیں گے، ہسپتال میں ایمرجنسی، سرجیکل اور میڈیکل آئی سی یوبھی بنیں گے

۔مریم نواز نے شاہ میر اقبال کو شاباش دی اور ہسپتال کے ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کے لئے درکار  مشینری  کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دبائو کم ہوگا، ہر ضلع میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے، چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے کارڈ سسٹم متعارف کرانے سے سینکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہیں ۔