نیویارک(صباح نیوز) سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے صوبہ پنجاب کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کی خریداری کا عندیہ دے دیا۔
نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مریم نواز کی خواہش ہے کہ پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے چلائیں تاہم میں نے ان کو مشورہ دیا ہے کہ آپ نئی ایئرلائن بھی چلا سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی تباہی پر بہت دکھ ہوتا ہے، میں خود پرواز بدل کر امریکا پہنچا ہوں، پی آئی اے کی خریداری یا نئی ایئرلائن کے حوالے سے مریم نواز غور و خوض کررہی ہیں۔نواز شریف نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں پی آئی اے کو تباہ کیا، ان کے ایک وزیر نے اسمبلی فلور پر کہاکہ ہمارے پائلٹس کی تعلیمی قابلیت پوری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے ہاتھ ملایا اور پھر خدا حافظ بھی کہہ دیا تھا، لیکن تحریک انصاف عالمی مالیاتی ادارے کو واپس لے کر آئی۔نواز شریف نے کہاکہ باتیں کرنے اور کام کرنے میں بہت فرق ہے، تحریک انصاف نے عوام کو صرف بغض اور بدتمیزی سکھائی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے عوام کو بجلی کے بلوں میں 50 ارب روپے کا ریلیف دیا۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ میری حکومت میں ڈالر 104 اور شرح سود 5.25 فیصد پر تھی، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے عوام کو جواب دے کہ وہاں پر کیا کام کیا، ہمارے زمانے میں ترقی کی شرح 5.8 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو ڈالر بے لگام ہوگیا اور شرح سود بھی اوپر چلی گئی، جبکہ دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی خراب کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کام کرکے دکھائے، سب سے پہلی موٹروے کی بنیاد ہمارے دور میں رکھی گئی۔