راولپنڈی (صباح نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 9 نومبر کو صوابی میں اجتماع رکھا ہے، اب ہم سرپر کفن باندھ کر نکلیں گے، پرامن رہ کر بہت ماریں کھالیں ہیں۔راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر علی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ ہماری کال ہوگی، لوگ اپنے گھروں میں بتا کر آجائیں،اب ہم سرپر کفن باندھ کر نکلیں گے، پرامن رہ کر بہت ماریں کھالیں، اس کے بعد ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن تھے اور رہیں گے لیکن پر امن رہ کر ہماری پارٹی کے ساتھ اور ہمارے لیڈر کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ہم عوامی طاقت کے ساتھ تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے لیے پورا لائحہ عمل دیں گے، ہم اپنے حقوق لینے کے لیے نکلیں گے اور اپنے حقوق لے کر ہی واپس جائیں گے۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں نے 8 تاریخ کا جلسہ منسوخ نہیں کیا، جلسے کا مقام تبدیل کیا ہے، جو جلسہ 8 تاریخ کو ہم پشاور میں کررہے تھے اس کا مقام تبدیل کیا ہے اور اب وہ جلسہ 9 تاریخ کو موٹروے صوابی انٹرچینج پر ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام فیصلہ سازوں کو آخری کال کی وارننگ دی ہے، ہم ایک لائحہ عمل کے ساتھ ایک تاریخ دیں گے، خیبرپختونخوا کا ایک جرگہ ہوگا اور پورے پاکستان سے لوگ آئیں گے اور مشاورت کے مطابق پاکستان کو کیسے بند کرنا ہے اس کا اعلان کیا جائے گا۔