وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب و قطر مکمل کرکے اسلام آباد پہنچ گئے،دورہ قطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنا دورہ سعودی عرب و قطر مکمل کرکے اسلام آباد پہنچ گئے ۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق قبل ازیں دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی محمد بن عبد العزیز بن صالح الخلیفی، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔اپنے دو روزہ دورہ قطر کے دوران وزیراعظم نے امیر قطر، قطر کے وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ قطر میوزیم میں پاکستانی آرٹ اور کلچر کے فروغ کے حوالے سے نمائش “منظر کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات بھی کی،

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ قطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، امیر قطر اور قطری وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیاجبکہ دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم، تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے اعلی سطحی دوروں کے تبادلے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے ،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے  امیری دیوان، دوحہ میں ملاقات کی جہاں  امیر قطر نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔

  وزیر اعظم پاکستان نے پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ  مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔  وزیر اعظم پاکستان نے مختلف شعبوں میں  پاکستان کو قطر  کی طرف سے فراہم کی جانے والی مسلسل حمایت کو سراہا۔  وزیر اعظم پاکستان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات کی گئی جس میں سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین نے  سرمایہ کاری کیگزشتہ عہدوں کے تناظر میں پاکستان میں متعدد شعبوں میں مختلف اہم مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت اور اقتصادی شراکت داری , تجارتی تبادلے کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی دونوں فریقین کی خواہش کا اظہار کیا۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ  شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے بھی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اور معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔

 وزیر اعظم پاکستان نے پاکستان میں اقتصادی ترقی میں تعاون کے لیے قطر کے کردار پر اظہار تشکر کیا،  قطر میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی  تعداد موجودگی کو سراہا جو دونوں ممالک کو ملانے والے پل کا کام کرتی ہے۔ قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے خطے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے قطری فریق کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں فریقین نے موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پرامن حل اور تعاون پر مبنی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم پاکستان نے خطے میں امن کو فروغ دینے کے لیے  قطر کی سفارتی کوششوں اور انسانی بنیادوں پر اقدامات کی تعریف کی، خاص طور پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ثالث کے طور پر قطر  کے کردار اور امن  کے قیام کے لیے کوششوں کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔  دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم، تعاون کو مزید بڑھانے  کے لیے اعلی سطحی دوروں کے تبادلے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ دورے کے دوران  امیر قطر  اور  وزیر اعظم پاکستان  نے قطر کے عجائب گھر کے زیر اہتمام نمائش “منظر: پاکستان میں آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر 1940 سے اب تک” کا دورہ کیا۔