اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدراتی انتخاب جیتنے پر نومنتخب صدر میاں رئوف عطااور انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب عہدیداران وکلابرادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں کہ نومنتخب صدر میاں روف عطا سمیت تمام عہدیداران بار اور وکلاکی فلاح و بہبود کے مشن کو جاری رکھیں گے، وکلابرادری 26 ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وکلابرادری کے تمام ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے رئوف عطاکی صورت میں بہترین قیادت کا انتخاب کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران وکلابرادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔ علاہ وازیں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں جیت پر عاصمہ جہانگیر گروپ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سپریم کورٹ بار کا صدارتی انتخاب جیتنے پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ صدر بار میاں رف عطا کی قیادت میں بار اور وکلا کی فلاح و بہبود کا مشن جاری رہے گا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ انڈیپینڈنٹ گروپ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور آئین و قانون کی بالا دستی کے اصولوں پر قائم رہا۔وزیر قانون نے کہاکہ پاکستان کی سب سے بڑی بار ایسوسی ایشن کے تمام قائدین اور عہدیداران کو انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔