کراچی کے نوجوان رمیز ابراہیم نے مسٹر یونیورس کا اعزاز حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ، منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے نوجوان رمیز ابراہیم خان نے امریکہ میں منعقدہ باڈی بلڈنگ کے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر مسٹر یونیورس2024بننے کا اعزاز حاصل کر کے نہ صرف اہل کراچی بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔ 44ممالک کے باڈی بلڈرز کے ساتھ مقابلے میں نمایاں اور شاندار کامیابی حاصل کر کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے ، حکومت اور متعلقہ وزارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ رمیز ابراہیم خان کی سرپرستی کریں اور نچلی سطح پر نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع پیدا کریں ،جماعت اسلامی گولڈ میڈل جیتنے پر رمیز ابراہیم ، ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتی ہے ۔

منعم ظفر خان نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ادارہ نور حق میں رمیز ابراہیم خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ادارہ نور حق آمد پر رمیز ابراہیم کا خیر مقدم کیا اور شاندار کامیابی پر خوش و مسرت کا اظہار کیا ۔ ملاقات میں کے ایم سی میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ منعم ظفر خان نے رمیز ابراہیم کو جماعت اسلامی کی جانب سے اعزازی چیک اور شیلڈ بھی پیش کیا ۔رمیز ابراہیم نے جماعت اسلامی کی جانب سے اپنی کامیابی کو سراہنے پر منعم ظفر خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکہ کے شہر لاس ویگاس مسٹر یونیورس 2024کے مقابلے میں 44ممالک کے باڈی بلڈرز شریک تھے ان کے ساتھ مقابلہ کرنا آسان نہیں تھا ، اپنے گھر والوں اور پوری قوم کی دعائیں میرے ساتھ تھیں کراچی اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر مجھے فخر ہے ۔