کراچی (صباح نیوز) پاکستان نے لبنان و غزہ کے لئے 14ویں امدادی کھیپ روانہ کردی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے امدادی سامان کی 14 ویں کھیپ روانہ کی گئی، جہاز 17 ٹن امدادی سامان لے کر بیروت پہنچے گا۔ این ڈی ایم اے لبنان و غزہ کیلئے مجموعی طور پر 1 ہزار 398 ٹن ہنگامی امداد بھجوا چکا ہے۔ترجمان کے مطابق ابھی تک غزہ کیلئے 11 جبکہ لبنان کیلئے 3 امدادی کھیپ روانہ کی جاچکی ہیں، لبنان کیلئے امدادی کھیپ میں ادویات، تیار کھانا، خیمے، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں۔
سامان روانگی تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امورقیصراحمد شیخ ،این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان موجود تھے۔۔ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری فلسطین اور لبنان کے لیے وزیرِ اعظم ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔