سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں تین رکنی پاکستانی وفد کا تاشقند میں ازبک سینیٹ ہال کا دورہ ، ازبک ہم مناصب سے گفتگو

تاشقند(صباح نیوز)پاکستان اور ازبکستان نے دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور گہرائی دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے منتخب ایوانوں اور ارکان میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں تین رکنی پاکستانی وفد کی ازبک ہم مناصب سے گفتگو کے دوران کیا گیا۔ سینٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربرا سینٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان میں انتخابات کے حوالے سے وہاں کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے بطور عالمی مبصر مدعو کرنے پر ازبکستان کے الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے  کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دین، تاریخ اور مشترکہ ثقافت پر مبنی قریبی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے اور گوادر بندرگاہ سمیت کلیدی انفراسٹرکچر منصوبوں میں پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور علاقائی ترقی، امن اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان کے اپنے ہم مناصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ پاکستانی سینیٹرز نے ازبک سینیٹ ہال کا دورہ کیا جہاں انہیں ازبک سینیٹ کے امور کار اور پارلیمنٹ کے انتخابات کے طریقہ کار سے متعلق پر بریفننگ دی گئی۔

اس موقع دونوں اطراف نے پاکستان ازبکستان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے پر مفید گفتگو کی اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر غور کیا۔ اطراف نے دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کو متحرک کرنے اور دوطرفہ دورے بڑھانے پر اتفاق کیا۔پاکستانی سینیٹرز کا وفد ازبکستان کے الیکشن کمیشن کی دعوت پر بطور عالمی مبصر دورے پر ہے۔  سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں وفد سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر عامر چشتی پر مشتمل ہے۔یوریشین ریجن امور کے ماہر خالد تیمور اکرم بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔