کراچی (صباح نیوز)پیپلز پارٹی سندھ نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کی خوشی میں 28 اکتوبر پیر کو سندھ کے تمام ڈویزنل ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔ صوبائی صدر نثار کھوڑو نے ایک اعلامیے میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان 26 ویں ترمیم کی منظوری کے حق اور خوشی میں پیر کو سندھ بھر کے تمام ڈویزنل ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالیں گے ، آئینی ترمیم کی منظوری کے حق اور خوشی میں پیر کو کراچی،حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد،سکھر اور لاڑکانہ میں ریلیاں نکالی جائینگی۔پیپلز پارٹی کے تمام اضلاع کی تنظیمیں اپنے اپنے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں نکالی جانی والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری تمام جمھوری قوتوں اور جمہوریت کی فتح اور غیر جمہوری سوچ رکھنے والوں کی شکست ہے۔ نثار کھوڑو نے دعویٰ کیا کہ آئینی ترمیم کی منظوری میں جمہوری کردار ادا کرنے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سب سے بڑے جمہوری لیڈر ثابت ہوچکے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اب وزیراعظم بننے کا وقت قریب آچکا ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ آئینی بینچ کے قیام سے سپریم کورٹ پر کیسز کا دبائو کم ہوگا، ججز تقرری میں پارلیمنٹ کے کردار سے جوڈیشل ایکٹوزم میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عدلیہ نے نظریہ ضرورت کو جنم دیا اور مارشل لاں کو تحفظ بھی اسی عدلیہ نے دیا تھا۔ ماضی میں اعلی عدلیہ نے ملک کو متفقہ آئین دینے والے کو پھانسی پر چڑھایا اور آئین توڑنے والے آمر کے مارشل کو تحفظ دے کر آمر کو آئین میں ترمیم کا بھی اختیار دیا۔
ہم چاہتے ہیں کے اختیارات کا توازن ہو اور جوڈیشل ایکٹوزم نہیں ہونا چاہئے۔آئینی ترمیم کے بعد صوبائی اسمبلی کی قرارداد سے صوبے میں بھی آئینی بینچ قائم ہوگا جو صوبے کے آئینی ایشوز کو سن سکے گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترمیم کی منظوری میں لیڈنگ کردار ادا کرکے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن اور سی او ڈی کے ایک اور نقطے پر عملدرآمد کرایا ہے۔ اب ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیئیشن کمیشن کا قیام بھی عمل میں آنا چاہئے۔ ملک جمہوریت کے علاوہ کسی اور نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کے تسلسل کے لئے متحد ہیں۔ ایک غیر جمہوری سوچ رکھنے والا لیڈر اب جیل سے نکلنے کے لئے رو رہا ہے۔ ہم انہیں مشورہ دیتے ہیں کے سازشوں سے دور رہیں اور جمھوری اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔