الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتما م میگا پلانٹیشن ڈرائیو کاانعقاد۔ 11لاکھ درخت لگا نے کا ہدف مکمل کر لیا

لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام آئیڈیل پارک  ٹاون شپ لاہور میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کاانعقاد کیا گیا۔ رواں برس  میگا پلانٹیشن کی اختتامی تقریب  میں 5 ہزار پودے لگائے گئے۔ تقریب میں امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور  ڈاکٹرمشتاق مانگٹ ، سید احسان اللہ وقاص، جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیا الدین انصاری، الخدمت لاہور کے صدر انجئنئیر احمد حماد رشید  اور دیگر مہمانان کے ساتھ ساتھ  مختلف یونیورسٹیزاورکالجزکے طلبہ وطالبات اور رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے  اِس موقع پر کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے موسمی حالات اور حکومتوں کی ناقص پالیسیوں اور قوانین پرعملدرآمدنہ ہونے کی وجہ سے آلودگی اور سموگ میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے۔ بڑے شہر گیس چیمبر بن گئے ہیں۔ آکسیجن کی کمی اور آلودگی  کے باعث شہریوں کوسانس لینے میں تکلیف  کے ساتھ ساتھ دیگر امراض کا سامنا ہے  اوران مسائل کے باعث  ہمارے ہسپتالوں   پرلوڈ بڑھ رہا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے صرف ایک سال میں 10 لاکھ کا ہدف عبور کرکے 11 لاکھ درخت لگاناقابل تحسین اقدام ہے اور  اس مہم میں ہرپاکستانی کوحصہ بننا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اگرموثراقدامات نہ کئے گئے توآنے والے چندسالوں کے دوران مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ عالمی معیارکے مطابق جنگلات کاتناسب  25فیصدہوناچاہیے لیکن پاکستان میں اس وقت 5فیصدسے بھی کم جنگلات اورگرینری ہے۔پاکستان کو ماحولیاتی استحکام کے لیے جنگلات اور درختوں کے تناسب کو کم از کم 10%تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہاکہ پاکستان کلائمیٹ چینج کی وجہ سے د نیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔گزشتہ دو دہائیوں میں پاکستان نے اسی وجہ سے10 بلین ڈالرز سے زیادہ کا نقصان اٹھایا ہے اور ہر سال سیلاب، خشک سالی، اور گلیشیئر پگھلنے جیسے موسمی اثرات کا سامنا ہے۔ زیادہ درجہ حرارت، غیر متوقع بارشیں، سیلاب، اور پانی کی قلت نے زراعت، خوراک کی سکیورٹی، اور عام زندگی کو متاثر کیا ہے۔اس مسائل  میں ایک واضح کمی زیادہ درخت لگاکرکی جاسکتاہے۔

ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کاسدباب،سموگ اور آلودگی کا خاتمہ اورلاہورسمیت پاکستان بھرکے شہروں کوخوبصورت بنانا  الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے اہم  مقاصد  میں شامل ہے۔لاہورباغوں کاشہرتھا بدقسمتی سے اب لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ الخدمت فاونڈیشن کی ملک گیر شجرکاری مہم جاری ہے  جس میں توتارجن،املتاس،دھریک، ولو،جنگلی اخروٹ،نیم،ٹالی، انار،شریں، بھینسیا گلاب،دیسی گلاب،ٹکومیا،رات کی رانی ،کنیر،جٹروفا،ہیبس کس ،ڈرائی سینیا،یوفوبیا،لال جھاڑی،تبوبیا،فیکس،بوگن بیل،انار،ٹرمینیریا،کاٹن ٹری جیسے پودے شامل ہیں۔

الخدمت ایک کروڑ درخت لگانے کاپلان رکھتی ہے ۔ پودوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظرالخدمت  7ایکڑ رقبے پرنرسری بھی قائم کررہی ہے جہا ں آئندہ بر س کے لئے 10لاکھ پودے تیارکئے جائیں گے اورپودوں کی تیاری کے لیے ملک بھر میں نرسریاں  بھی قائم کی جائیں گی۔اس مہم کامقصدپودے لگانااورماحولیاتی استحکام میں رضاکاروں اور عوام کو شامل کرنا ہے۔ الخدمت نے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک مکمل نظام وضح کیا ہے جس میں  خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں مقرر کی جاتی ہیں جوپودوں کو پانی دینے، حفاظتی شیڈ لگانے، اور ان کی نشوونما کو یقینی بناتی ہیں تاکہ پودے ضائع نہ ہوں۔ الخدمت فاونڈیشن نے شجرکاری مہم میں یوتھ کلب اورتعلیمی اداروں کو شامل کر کے نوجوانوں کو متحرک کیا ہے۔ اس مہم میں نوجوانوں کی ٹریننگ اوراہمیت کی آگاہی کے بعدمہم کاحصہ بنایاجاتاہے۔ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ الخدمت فانڈیشن اپنی سرگرمیوں کو بین الاقوامی سطح پر معروف اداروں اور ماحولیاتی تنظیموں سے شیئر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مہم کی رپورٹنگ اور نتائج کو عالمی ماحولیاتی فورمز پر بھی پیش کیا جاتا ہے تاکہ پاکستان کی ماحولیاتی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا سکے۔