راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر ڈیل کرنی ہوتی تو بشری بی بی 9 ماہ جیل میں نہ رہتیں۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشری بی بی نے تمام سختیاں برداشت کیں لیکن بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ کھڑی رہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشری بی بی نے جیل آ کر گرفتاری دی تھی، ان کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بشری بی بی کا دور دور تک توشہ خانے سے واسطہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی بھی عدالت کے ذریعے ہی ہو گی کسی ڈیل کے نتیجے میں نہیں، بلکہ میرٹ پر ہو گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر دبا ڈالنے کے لیے بشری بی بی کو گرفتار کیا گیا تھا، ہم بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریکِ انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، ہم متحد ہیں، بشری بی بی نے پہلے بھی تحریکوں میں حصہ نہیں لیا، بانی پی ٹی آئی 27 سال سے تحریک چلا رہے ہیں، انہوں نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کی۔