سینیٹر عرفان صدیقی سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات، دونو ں ممالک میںمعاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ازبکستان نے معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ ازبکستان نے تاشقند سے لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغازکا باضابطہ اعلان کردیا جن کا دائرہ جلد ہی پاکستان کے دیگر شہروں تک پھیلادیا جائے گا۔ یہ بات سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈراور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات میں ازبکستان کے پاکستان میں نئے سفیر علی شیر تختییو نے بتائی جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے سفیر علی شیر تختییو کی پاکستان میں بطور سفیر تقرری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارک دی اور کہا کہ برادر اسلامی ملک ازبکستان سے علی شیر تختییو کو پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان کی حکومت کی طرف سے براہ راست پروازوں کے آغاز کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سفری سہولیات میں آسانی سے دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری برادری میں مزید قربت لانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ مسلم لیگ(ن) کے سینئر راہنما نے ازبکستان میں اولی مجلس کے انتخابات کے سلسلے میں بطور عالمی مبصر مدعو کرنے پر ازبکستان کی حکومت اور سینٹرل الیکشن کمشن کا شکریہ ادا کیا اور سفیر کو آگاہ کیا کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے ازبکستان کے انتخابات کے لئے تین رکنی سینیٹرز کا وفد روانہ ہورہا ہے۔ یہ ایک بڑی جمہوری سرگرمی اور جمہوری تجربات سیکھنے کا بڑا موقع ہوگا۔ دونوں راہنماوں نے توانائی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور اس ضمن میں مل کر کوششیں آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے ایس۔آئی۔ایف۔سی کے کاروبار دوست پلیٹ فارم کی تشکیل اور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولیات کے لئے اصلاحات کے بارے میں ازبکستان کے سفیر کو آگاہ کیا۔ ازبکستان کے سفیر نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولیات کے لئے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔ ازبکستان کے سفیر نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) کے سربراہی اجلاس کے اسلام آباد میں حالیہ کامیاب انعقاد پر بھی مبارک پیش کی۔۔