بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

اسلام آباد (صباح نیوز)  توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے رہائی کی روبکار جاری ہونے کے  بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ان کی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ سے رہائی ہوئی۔

پی ٹی آئی گوجرہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا کہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا ہو کر بنی گالہ روانہ ہوئیں ۔ادھر رہنما پی ٹی آئی حافظ فرحت عباس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا، وہ 264 دن قید میں رہیں لیکن ڈٹ کر فسطائیت کا سامنا کیا۔بشریٰ بی بی کے 10 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کروائے گئے اور ان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی۔بشریٰ بی بی کا ضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے جمع کرایا۔