کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن و سکریٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کی جانب سے بلاک 13/ڈی-1 میں خلفائے راشدین پارک کا افتتاح و دورہ کیا ۔
اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سلیم اظہر،وائس ٹاون چیئرمین ابراہیم صدیقی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،یوسی چیئر مین ساجد خان و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فواد نے منعم ظفر خان اور انجینئر سلیم اظہر کو سندھی اجرک، ٹوپی اور پگڑی بھی پہنائی ، اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں کو سراہا ۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلشن کو گلشن بنانے کے عزم اور جذبے کے ساتھ جماعت اسلامی کے ٹاؤن ویوسی چیئرمینز کام کررہے ہیں ،
گلشن اقبال میں ایک سال کے دوران 18پارکوں کا افتتاح کیا اور گلیوں کو روشن کرنے لیے اسٹریٹ لائٹس بھی لگائیں ، 6سرکاری اسکولوں کو ازسر نوآباد کیا جس میں بچے باقاعدہ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور داخلوں میں بھی اضافہ ہو اہے،عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ،ہمارے ٹاؤن و یوسی چیئرمین محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود اختیارات سے بڑھ کر اہلیان گلشن اقبال کے لیے ریلیف کا کام کررہے ہیں ، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور آج جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے کام کررہے ہیں ، کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ جماعت اسلامی کو دیے لیکن پیپلزپارٹی نے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں اور جعلی طریقہ سے میئر شپ پر قبضہ کیا ۔
جماعت اسلامی کے پاس 9ٹاؤنز اور 87یوسیزہیں ، ہم ان میں عوامی ریلیف کے کام کررہے ہیں ،تعلیم ،صحت ، ٹرانسپورٹ،سڑکیں ،بجلی و پانی اور گیس سمیت بنیادی ضروریات کی چیزیں فراہم کرنا حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے ، کراچی کے وسائل اور اختیارات پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے ،کراچی کے عوام ٹیکس دیتے ہیں لیکن ان کے مسائل حل نہیں ہوتے، جماعت اسلامی عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہی ہے ، مزید اختیارات و وسائل بھی حاصل کریں گے۔
ڈاکٹر فواد نے کہاکہ ہم نے محدود وسائل اور اختیارات میں 11ماہ میں 18پارکوں کو عوام کے لیے کھول دیا ہے اور اسی جذبے کے ساتھ اپنے ویژن کو آگے بڑھارہے ہیں ،کراچی کے عوام جماعت اسلامی سے توقعات رکھتے ہیں ، ہم عوام کی توقعات پر پورا اُتریں گے ۔ہم نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے بھی کوشش کی ہے جس کے نتیجے میں بہت جلد گلشن اقبال ٹاؤن کے سڑکوں کی تعمیر بھی اگلے مرحلے میں شروع ہونے والی ہے ،عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہم عوام کے ساتھ مل کر گلشن اقبال ٹاؤن کو گلشن بنائیں گے ۔