کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان ہی سالمیت پاکستان کی ضمانت ہے، بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب پر پابندی اور باحجاب بیٹی کو حراساں کرنے سے سیکولر بھارت بے نقاب اور ہندوتوا نظریہ کھل کر سامنے آگیا ہے،جمعیت طلبہ عربیہ نوجوانوں کی نظریاتی وفکری تربیت اور علمی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منتظم صوبہ مولانا فرید احمدکی زیرقیادت ملاقات کرنے والے جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد میں ناظم بزم قرآن سند عبدالباسط منگریو اور اسداللہ سرکی بھی ساتھ موجود تھے۔ منتظم صوبہ فرید احمد نے صوبائی امیر کو جمعیت طلبہ عربیہ کی سندھ میں علمی وتنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 05سے07مارچ کو منصورہ لاہور میں ملک گیر اجتماع ارکان وامیدواران منعقد ہوگا۔
محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ آج عالم کفر بری منصوبہ بندی کے تحٹ امت کو تقسیم اور ہماری نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے، حجاب کو نشانہ بنانے سے لیکر پی ٹی وی سے اذان نشر ہونے کا خاتمہ اور نصاب تعلیم سے دینی مواد کو نکالنا اس کی واضح مثال ہے۔