اسلام آباد(صباح نیوز)صوبہ ہزارہ تحریک نے خیبرپختونخواہ کا نام تبدیل کرنے کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اس ترمیم کو روکنے کے لیے ہر حد تک جاہیں گے۔اس بات کا فیصلہ چیرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف کی زیر صدارت سینٹر طلحہ محمود کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں سینٹر طلحہ محمود مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر، سابق ضلع ناظم سردار سید علام، سابق تحصیل ناظم سید جنید قاسم، قاری محبوب الرحمن، سردار اویس، سردار عباس حسین نے شرکت کی۔ جبکہ فون پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شایستہ جدون، سابق وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی،سابق وزیر زرگل خان، سابق وزیر اعجاز علی خان درانی، ممبر صوبائی اسمبلی سردار شاہ جہان یوسف، جماعت اسلامی کے عبدالرزاق عباسی،بھی شریک رہے۔
جبکہ ہزارہ کے ممبران اسمبلی سے بھی فون پر رابطہ ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور ہر فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخواہ کا نام تبدیل کرنے کو کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کریں گے۔ اب سب سے پہلے صوبہ ہزارہ بنے گا اس کے بعد کوئی بھی ترمیم لاہی جاہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف کی سربراہی میں ایک کمیٹی جمعرات کو مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز اور ممبران سے ملاقاتیں کرے گی اور ان پر اپنا موقف واضح کرے گی۔جبکہ اسی روز اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی جاہے گی۔ صوبہ ہزارہ تحریک ہزارہ کی تمام سیاسی جماعتوں کا نمائندہ فورم ہے اور اس میں ہزارہ کی سطح کی تمام جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔ اور سردار محمد یوسف اس متفقہ فورم کے چیئرمین ہیںاس سے قبل میں ایک بہت عظیم سانحہ ہو چکا ہے۔ اور ہمارے سات لوگ اس وقت شہید ہونے، ہم اب ایسا کوئی موقع دوبارہ نہیں انے دیں گے۔ ہزارہ صوبہ کے لیے ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار ہیں۔