وزیراعلی کے پی کی بے گھر افراد کی واپسی کی یقین دہانی پر کل ہونے والا احتجاج ملتوی، طورخم شاہراہ پر دھرنا بھی ختم

پشاور(صباح نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل جرگے کی ملاقات میں بے گھر افراد کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی یقین دہانی پر جرگے نے جمعرات کو تیراہ کی طرف بے گھر افراد کے مجوزہ مارچ کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔اس کے علاوہ جرگے نے گزشتہ 75 دنوں سے طورخم شاہراہ پر جاری دھرنا بھی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ جو علاقہ کلیئر ہوچکا ہے وہاں کے لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کیا جائے گا۔ جبکہ باقی ماندہ لوگوں کی واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ اگلے ہفتے اجلاس منعقد کرکے واپسی کا لائحہ عمل اور ٹائم لائن طے کرنے پر بھی اتفاق کرلیا گیا۔جرگے نے بے گھر افراد کی واپسی کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے وزیراعلی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، اور 11 اکتوبر کا مسئلہ پرامن انداز میں حل کرنے بھی ان کے قائدانہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر عمائدین نے کہاکہ وزیراعلی نے انتہائی دانشمندی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے لوگوں کو خون خرابے سے بچالیا، ہم علی امین گنڈاپور کے اس اہم کردار پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عمائدین نے کہاکہ وزیراعلی نے جس احسن طریقے سے 11 اکتوبر اور بنوں کا معاملہ حل کیا وہ ہمارا مسئلہ بھی ضرور حل کریں گے، ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔اس موقع پر وزیراعلی نے کہاکہ مسئلے کے حل کے لیے مجھ پر اعتماد کرنے پر کوکی خیل کے عمائدین کا مشکور ہوں، میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اگلے ہفتے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے بے گھر افراد کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، انہوں نے ملک میں امن کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑے اور تکالیف برداشت کیں۔ اب ان کی اپنے علاقوں کو باعزت واپسی اور دوبارہ آبادکاری ہماری اہم ترجیح ہے۔وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بے گھر افراد کی واپسی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے درکار سامان کی خریداری اور دیگر لوازمات کا عمل شروع کیا جائے۔