لندن(صباح نیوز)آکسفورڈ یونیورسٹی نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سربراہ عمران خان کو چانسلر شپ کے لئے امیدواروں کی لسٹ میں شامل نہیں کیا ہے ۔آکسفورڈ یونیورسٹی نے38 امیدواروں کی لسٹ جاری کردی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب 28اکتوبرکو ہوگا ۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب 21 برس بعد ہوگا، معروف برطانوی قانونی فرم میٹرکس چیمبرز نے عمران خان کو نا اہل قرار دیا تھا، آکسفورڈ انتظامیہ نے میٹرکس چیمبرز سے بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے مانگی تھی۔میٹرکس چیمبرز نے سزایافتہ ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نا اہل قرار دیا۔ امیدواروں کے درمیان 4 نومبرکو الیکشن کا دوسرا رانڈ ہوگا، آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر کا اعلان 25 نومبرکو کیا جائے گا۔نئے چانسلر کا انتخاب زیادہ سے زیادہ 10 برس کے لیے ہوگا۔آکسفورڈ انتظامیہ نے سدرہ آفتاب، حسنات احمد، ایمن امورہ کی نامزدگی تسلیم کرلی، انوربیگ،کاشف بلال ،عظیم فاروقی بھی چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی کے امیدوار ہیں، تاہم سابق برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ چانسلرکے عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل برطانوی اخباردی ٹائمز نے رپورٹ دی تھی کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے کاغذات جمع کروانے کے بعد پہلی بار آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر کے انتخاب میں مشکل میں پڑ گئی ہے۔
رپورٹ میں ذکر کیا گیا تھا کہ مقابلہ اتنا سخت ہے کہ قانونی رائے طلب کی گئی ہے کہ آیا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی میرٹ پر پورا اترتے ہیں یا نہیں اور پاکستان میں الیکشن کے حوالے سے خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔ اخبار نے کہا تھا کہ عمران خان کے حامیوں کا ماننا ہے کہ جیت اس کے جیل سے رہا ہونے کے امکانات کو نمایاں طور پر بڑھا دے گی۔آکسفورڈ یونیورسٹی انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ پہلی مرتبہ اوپن درخواستیں طلب کی گئی تھیں، چانسلر الیکشن کمیٹی نے تمام درخواستوں کاجائزہ لیا۔ لارڈ پیٹن آف بارنس کے اعلان ریٹائرمنٹ کے بعد یونیورسٹی پہلی بار چانسلر کا انتخاب آن لائن مقبولیت کے ذریعے کرائے گی، سابق طلبہ کو امیدواروں کی درجہ بندی کی دعوت دی گئی ہے۔امیدواروں میں لارڈ ولیم لیگ، لارڈ لیٹر مینڈلسن، لیڈی ویلش انجولینی اور ڈاکٹر مارگریٹ بھی شامل ہیں۔