پشاور(صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کرانے کے لیے کیس میں الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ کے انتخابات کرانے کے لیے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی، چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ سینیٹ الیکشن کب کرائیں گے، تحریری جواب جمع کریں کہ انتخابات کیوں نہیں ہورہے ہیں۔جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ مخصوص نشستوں کا مسئلہ حل ہوتے ہی خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کرائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ صدر اور چیئرمین سینیٹ کے تو انتخابات کرائے گئے اس وقت تو یہ مسئلہ پیش نہیں کیا گیا۔وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایسے تو حکومت نے بھی پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے، اب سپریم کورٹ میں ہماری درخواست پر معاملہ زیر سماعت ہے۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیا معاملہ زیر سماعت ہے، اس پر بھی تحریری جواب جمع کریں اور اٹارنی جنرل سے مشاورت کرکے وفاقی حکومت کی ہدایت لے لیں، اس کو 22 اکتوبر کو دوبارہ سنیں گے۔بعد ازاں، عدالت نے الیکشن کمشن سے حواب طلب کرکے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔