مردان(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ قرآن وسنت کی بالادستی ہمارے آئین کا بھی تقاضا ہے اور اسی مقصد کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے مگرتا حال اس پر کوئی سنجیدہ پیش رفت نہیں ہے۔ مدرسہ تفہیم القرآن مردان میں علما اور طلبا کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے متعلق متنازعہ قانون سازی پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے تو دن رات محنت ہورہی ہے لیکن جس قانون سازی اور عمل درآمد کے لیے مکمل اتفاق رائے موجود ہے اس پر کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے باوجود سود سے نجات کے لئے بھی کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اصل دستور حیات ہے۔ قرآن کے نزول سے قبل عرب معاشرے میں ہر قسم کی برائیاں رائج تھیں لیکن قرآنی تعلیمات کے ذریعے اس معاشرے میں مکمل تبدیلی آئی اور بدامنی کی جگہ مثالی امن قائم ہوا۔آج بھی امن وامان سمیت ہر قسم کے مسائل کا حل قرآن وسنت کا نظام ہے۔جماعت اسلامی اسی نظام کے قیام کے لیے جدو جہد کر رہی ہے ۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر حق دو تحریک جاری رہے گی ،عوام کو ان کو حقوق دلائیں گے اور ملک میں دین اسلام کا نفاذ ہو گا۔