کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے رامسوامی میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق جواب طلب کر لیا ۔
جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں شہری کی درخواست پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ چھوٹے پلاٹ پر بڑی عمارت کی تعمیرات نے پڑوسیوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا اور اطراف کے گھروں میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سرسوتی کمپائونڈ رامسوامی پلاٹ نمبر 5/7 پرغیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں،درخواستیں دینے کے باوجود ایس بی سی اے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہیں کررہا ہے۔عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت سے ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی۔عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔عدالت نے 3 ہفتوں میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق جواب طلب کرلیا۔