لاہور(صبا ح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے زیر اہتمام “پاکستانی باہمت ماں کا فلسطینی با ہمت ماں کو سلام “کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کی میزبانی کے فرائض حفصہ خالد نے سرانجام دیے۔
تقریب میں سیکر ٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کلثوم رانجھا، نزہت رانا ، عظمی ظفر ، سیمی ساجد، ارم حفیظ، اسٹڈی سنٹرز کی نگران سمیت باہمت ماں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس مسئلہ کے مستقل حل کے لیے بھی سوچنا ہوگا ۔ مسلم امہ کو اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہونا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ الخدمت ویمن ونگ کی اہل غزہ کے لیے کی جانی والی خدمات قابل ستائش ہیں۔ صدر الخدمت ویمن ونگ کلثوم رانجھا نے الخدمت فاؤنڈیشن کی غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں کو باہمت ماں کے سامنے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی فلسطینی ماں بہنوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی مدد کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اسرائیلی جارحیت کے پہلے دن ہی غزہ کے عوام کیلئے ریسکیواور ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا تھا جومسلسل جاری ہے ۔ الخدمت اب تک 2707ٹن امدادی سامان غزہ کے بہن بھائیوں کوفراہم کرچکی ہے جس میں فوڈ پیکج،بستر،کمبل، خیمے، تیارکھانا،ادویات،سرجیکل وطبی سمیت دیگرامدادی اشیا شامل ہیں۔