آئینی ترامیم کیخلاف بھرپور مزاحمت کرینگے،اسلام آباد کی وکلا تنظیموں کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ بار، اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار اور اسلام آباد بار کونسل نے حکومت کے مجوزہ آئینی پیکیج  کو مسترد کرتے ہوئے مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد کی وکلا تنظیموں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں مجوزہ آئینی ترامیم کیخلاف 7 اکتوبر کو دن 11 بجے آل پاکستان وکلا کنونشن کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد بار کونسل کے صدر علیم عباسی نے کہا کہ مخصوص شخصیات کے لئے مخصوص سیاسی جماعتیں بدنیتی پر مبنی ترامیم کر رہی ہیں ، حکومت کو 6 ججز کا خط پسند نہیں آیا تو ان کو ٹھکانے لگانے کے لیے ترامیم کی جا رہی ہیں۔ ہم اس کیخلاف بھرپور مزاحمت کریںگے۔

انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سے آرٹیکل 63 اے پر نظرثانی درخواست واپس لینے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بار سٹیک ہولڈر نہیں تو کیوں نظرثانی دائر کر رہی ہے۔علیم عباسی نے کہا کہ ان ترامیم کے بعد سپریم کورٹ کے پاس سیشن جج سے زیادہ کا اختیار نہیں ہو گا۔