وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی روسی نائب وزیراعظم سے ملاقات


ماسکو(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے ماسکو میں روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک سے ملاقات کی ہے ۔روس اور پاکستان کے متعلقہ محکموں کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیرعبدالعلیم خان اور روسی نائب وزیراعظم کی ملاقات کے دوران تاپی گیس پراجیکٹ، دو طرفہ تجارت، ذرائع مواصلات اور مختلف منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان، ایران، آذربائیجان اور روس تک  مجوزہ تجارتی راہداری اور ریل ٹریک کی تعمیر پر بھی گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماسکو میں پہلے پاک روس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد مثبت نتائج لائے گا۔ دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان بامقصد اور سودمند تجارتی رابطوں میں اضافہ کریں گے۔ روس سے دوطرفہ کاروباری شراکت اور مزید منصوبوں میں باہمی معاونت کے خواہا ں ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماسکو کی بزنس کمیونٹی سے بات چیت مفید رہی، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ روس کے ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچک نے پاکستان کے لئے مکمل تعاون اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

روسی ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ نارتھ ساتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈورمیں پاکستان کی دلچسپی لائق تحسین ہے،یہ یورو ایشیا اور شمالی وجنوبی ممالک میں رابطے کے لئے بہترین تجارتی روٹ ہوگا،ملاقات میں روسی وزیر ٹرانسپورٹ رومان سٹاراووت اورڈپٹی منسٹر صنعت و تجارت الیکسی گروزدیف بھی موجود تھے۔