واشنگٹن (صباح نیوز) مشرق وسطی میں حالیہ واقعات نے کشیدگی کو مزید ہوا دی ہے، اور خطے میں جنگ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے اپنی فوجی پوزیشن میں تبدیلیاں کرتے ہوئے مشترکہ دفاعی تیاریاں شروع کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کا موثر جواب دیا جا سکے۔ اسی دوران، برطانوی اخبار فنا نشل ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ حزب اللہ اپنے قائد حسن نصر اللہ کے قتل کا جواب تیار کر رہا ہے، اور اس بار ردعمل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید ہونے کا امکان ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اور مشرق وسطی کے حکام کا خیال ہے کہ نصر اللہ کے قتل کے باوجود ایران کے ساتھ براہ راست جنگ کا امکان کم ہے، تاہم کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ادھر اسرائیل کے اندر بھی بے چینی بڑھتی جا رہی ہے، جہاں اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق، مظاہرین نے نیتن یاہو کے گھر کے قریب پہنچ کر یرغمالیوں کی ڈیل کا مطالبہ کیا ہے، جس سے داخلی سطح پر تنازعات مزید گہرے ہو رہے ہیں۔