راولپنڈی؛ پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں، علاقہ میدان جنگ بن گیا، جھڑپوں کے دوران آنسو گیس کی شیلنگ

 راولپنڈی(صباح نیوز) راولپنڈی میں احتجاج کے لیے آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں، جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے راولپنڈی میں کمیٹی چوک پر لگے کنٹینرز ہٹا دیے گئے، اس موقع پر کارکن شدید نعرے بازی کر تے رہے ،تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد  نے کمیٹی چوک سے لیاقت باغ کی جانب مارچ کیا،پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کردی گئی، جس کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

مری روڈ، کمیٹی چوک سے لیاقت باغ کے علاقے میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید تصادم جاری رہا، کارکن پولیس پر پتھرا وکرتے رہے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ،پولیس کی جانب سےآنسو گیس کی شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے شیل قریبی گھروں میں گرے سے خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ میڈیا کے نمائندے بھی شیلنگ کی زد میں آ ئے،کمیٹی چوک میں کارکن نعرہ بازی کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے فائر کیے ہوئے آنسو گیس کے شیل واپس پولیس پر پھینکتے  رہے۔

اس دوران راہ گیروں کی بھی حالت غیر ہوئی۔ مری روڈ کمیٹی چوک سے لیاقت باغ تک صورت حال کشیدہ  رہی۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ریالٹو چوک پر بھی پولیس پر حملہ کیا ،تحریک انصاف کے کارکن چائنا مارکیٹ ریالٹو چوک کمیٹی چوک سے مری روڈ پر نکل آئے۔ پولیس نے سرکاری گاڑیوں سے خطرے کے سائرن بجانے شروع کر دیے۔ کمیٹی چوک مریڑ چوک چائنا مارکیٹ پر پی ٹی آئی کارکن جمع ہوئے جب کہ پولیس ان مقامات سے پسپا ہو گئی ہے۔ پولیس نے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی ہیں۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دونوں پی ٹی آئی رہنماوں کو کو ایچ 13 کے پاس سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ ایچ 13 سے راولپنڈی جا رہے تھے۔