حسن نصر اللہ نے عظیم مقصد کی خاطر جان قربان کردی: حافظ نعیم الرحمان

لاہو ر(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حسن نصر اللہ کی شہادت پر حزب اللہ کے رہنما کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور جنت میں ان کے لیے اعلیٰ درجات کی دعا کی ہے۔ انھوں نے حسن نصراللہ کی صاحبزادی زینب اور دیگر رفقائے کار کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور شہدا کے لواحقین، اہل لبنان و فلسطین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حسن نصراللہ نے ساری زندگی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف مزاحمت کی اور عظیم مقصد کی خاطراپنی جان قربان کردی۔ خدا حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت قبول فرمائے، ان شاء اللہ مزاحمت جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان، غزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا اقوام متحدہ ناکارہ ادارہ ہے اور یہ عالمی طاقتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں اور افواج کو سوچنا ہوگا وہ اس وقت کہاں اور کس کے ساتھ کھڑے ہیں؟ انھوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 7اکتوبر سے اہل فلسطین و لبنان سے ہفتہ اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی اور اس دوران پورے ملک میں جلسے جلسوس اور کراچی اور اسلام آباد میں ملین مارچز کا انعقاد ہو گا۔