شمالی وزیرستان میں چارٹرڈ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا 6 افراد ہلاک


میران شاہ(صباح نیوز) شمالی وزیرستان میں چارٹرڈ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کا چارٹرڈ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر 3 روسی پائلٹس سمیت 14 مسافر سوار تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر پر سوار6 افراد ہلاک اور 8 افراد شدید زخمی ہوئے۔ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر شمالی وزیرستان میں پروازکے دوران آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا، ہیلی کاپٹر حادثہ تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آیا۔ماڑی پیٹرولیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کا علاقے میں سکیورٹی صورتحال یا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہیلی کاپٹر شیوا وزیرستان بلاک میں پرسنل ٹرانسپورٹیشن فراہم کر رہا تھا۔

ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا بتانا ہے کہ پاک فوج اور دیگر اداروں کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں، زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ تھل منتقل کر دیا گیا ہے، تھل سے زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر منتقل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ پیدا ہوا، ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کا ٹیل روٹر زمین سے ٹکرا گیا، حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہار افسوس و تشویش کیا ہے ۔ ایک بیان میں گورنر نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان شیوی میں میری پیٹرولیم ہیلی کاپٹر حادثہ افسوسناک ہے ۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اعلی حکام سے شمالی وزیرستان شیوی میں ہیلی کاپٹر حادثہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔انھوں نے کہا کہ حادثہ کے جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،انھوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔گورنرنے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا کی ہے