اسلام آباد (صباح نیوز)شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ مارے گئے دہشتگرد وں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔
آئی ایس پی آرنے کہا کہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کیا جا سکے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔