لانگ مارچ حکومت کی گرتی ہوئی دیوار میں آخری کیل ثابت ہوگا،فریال تالپور


نوشہروفیروز (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ لانگ مارچ حکومت کی گرتی ہوئی دیوار میں آخری کیل ثابت ہوگا۔وفاقی حکومت مخالف مارچ کو کامیاب کرنے کے لیے اہم اجلاس زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ہوا،

اجلاس میں پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر ایم پی اے فریال تالپور منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین شرجیل میمن، وزیر بلدیات ناصر شاہ، مکیش چاولہ، ضیا الحسن لنجار و دیگر ایم پی ایز، ایم این ایز و عہدیداران نے شرکت کی، اس موقع پر فریال تالپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا لانگ مارچ حکومت کی گرتی ہوئی دیوار میں آخری کیل ثابت ہوگا، بلاول بھٹو زرداری لانگ مارچ قافلے کا پورے ملک میں شاندار استقبال ہوگا، کراچی سے اسلام آباد تک لوگ ہی لوگ ہوں گے.

اس موقع پر مینیجنگ کمیٹی کے سربراہ شرجیل میمن و اراکین ناصر شاہ، ضیا الحسن لنجار، مکیش چاولہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز کے ساتھ عام آدمی بھی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے میں بھرپور شرکت کریں گے، کمیٹی ممبران کا مزید کہنا تھا کہ 27 فروری کو کراچی سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ براستہ ٹھٹھہ، بدین سے ہوکر حیدرآباد پہنچے گا ۔