راولپنڈی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ نظام نے اداروں اور معاشی نظام کویرغمال بنارکھا ہے اس گندے نظام کی وجہ سے ملک پر صرف مسلح ہی نہیں معاشی اور سیاسی دہشتگردی مسلط ہے ہم اس ظالمانہ نظام سے بغاوت کااعلان کرتے ہیں
چینی اورپیٹرول کی قیمتوں کے فیصلے عالمی معاشی ادار ے کرتے اورملک پرمسلط کٹھ پتلی حکمران مہنگائی کے بم کی صورت انھیں عوام پر گراتے ہیں،تقریروں اورخطابات کے نام پر قوم کوبے وقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے رات کے اندھیرے میں پیٹرول کی قیمتیں بڑ ھ جاتی ہیں،وزیراعظم کاخطاب قوم پرمہنگائی بم بن کرگراصبح سے شام چینی کی قیمتیں بڑھتی رہیں،جس کا فائد ہ ایوان اقتدارپرمسلط حکمرانوں کے دوستوں کوہوا۔120ارب کی سبسڈی کے اعلانات کرنے والے اپنے اردگردبیٹھے مافیا زکوگھنٹوں میں اس سے زیادہ فائدہ پہنچادیتے ہیں۔عوام خوشحالی چاہتے ہیں توجماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں امیرصوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی امیر،سیکرٹری جنرل اقبال خان،نائب امیرصوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی ودیگرذمہ داران نے اظہارخیال کیا۔تقریب میں نائب امرائے صوبہ محمدضیغم مغیرہ،قاضی محمدجمیل،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات انعام الحق اعوان،صدرنیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی،صوبائی صدرالخدمت فانڈیشن رضوان احمد،صدرجے آئی یوتھ شمالی پنجاب اویس اسلم مرزا سمیت امرائے اضلاع ودیگرذمہ داران شریک ہوئے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں استعمار،سامراج اور مفاد پرستوں کا نظام نافذ ہے جن کی وجہ سے ہم مشکل سے دوچار ہیں اس نظام نے سکون سے محروم کر دیا۔خاندانی نظام تباہ کر دیا ہے انسان کو تنہاء کر دیا دنیا میں آٹھ ارب کو نظام مصطفی کا پیغام دینے کی ضرورت ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ہمارے ملک میں جو بھی جماعتیں جمہوریت کی بات کرتی ہیں ان میں حقیقی جمہوریت نہیں ہے ان جماعتوں میں ملوکیت ہے خاندانی بادشاہتیں ہیں وارثت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں باپ کے بعد بیٹا اور پوتا اور نواسے پارٹیوں کے سربراہ بنتے ہیں۔جماعت اسلامی کے کارکنان آزاد لوگ ہیں جو کسی شخص نہیں بلکہ نظریے کی بنیاد پر اکٹھی ہے پلڈاٹ نے بھی جماعت اسلامی کو حقیقی جمہوری جماعت قرار دیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ سب سے مشکل کام نظام کی تبدیلی ہے اسی لیے جماعت اسلامی پارٹی کی بجائے نظام کی تبدیلی کی بات کرتی ہے۔فرد تبدیل کرنا آسان کام ہے کئی حکومتوں کو ہم نے تحریک چلا کر زمین بوس کیا لیکن آج کے لمحے میں مشکل کام نظام کی تبدیلی ہے۔اس نظام نے ملک کے اداروں،تعلیمی اداروں کویرغمال بنایا ہے ہمارے معاشی نظام کو یرغمال بنایا۔اس گندے نظام کی وجہ سے ہمارے پاکستان پر دہشت گردی مسلط ہے یہ صرف مسلح دہشت گردی نہیں بلکہ سیاسی معاشی دہشت گردی ہے کہ پیسے کی بنیاد پر عوامی رائے کو تبدیل کیا جاتا ہے یہ جمہوریت نہیں سیاسی دہشت گردی ہے جس سے ہم بغاوت کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 74 سال سے وہ طبقہ مسلط ہے جن سے نجات قائد اعظم چاہتے تھے اور طویل تحریک چلائی۔ یہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلام و ایجنٹ ہیں۔انگریز کے ایجنڈوں نے پاکستان کی سیاست اور اداروں کو یرغمال بنایا ہے ان کے اندر کوئی صلاحیت نہیں صرف پیسے کی بنیاد پر حکومت کرتے ہیں بین الاقوامی اسٹیبشلمنٹ کے ایجنٹوں نے پاکستان کے جغرافیہ کو تبدیل کیا مشرقی پاکستان کو بنگلہ یش بنایا انہوں نے تمہاری حیثیت کو تباہ کر دیا آئی ایم ایف ،ورلڈ بینک کی ہتھکڑیاں ڈالی نہیں۔آئندہ نسلوں کو بھی غلام بنایا ہے عالمی اسٹیبشلمنٹ کے ایجنڈوں نے سٹیٹ بینک بھی آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول ،دال چینی ادویات سمیت تمام اشیاء کی قیمت کا فیصلہ کابینہ نہیں خفیہ بند خانوں میں ہوتا ہے۔بیرونی فیصلہ مسلط ہوتے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کوئی وزیراعظم نہیں ہے یہ غلام ابن غلام لوگوں کا ٹولہ قوم پر مسلط ہے یہاں کوئی پی ٹی آئی نہیں یہ پیپلزپارٹی،مسلم لیگ،مشرف کے نظاموں کا تسلسل ہے وہ بھی آئی ایم ایف کے غلام تھے یہ بھی آئی ایم ایف کے غلام ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کویرغمال بنایا ہے تقریروں سے قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ ایک رات میں چینی اور پٹرول کی قیمت میں کئی بار اضافہ ہوتا ہے۔یہ پیسہ کون کماتا ہے یہ پیسہ شوگر مافیا، آٹامافیا،ڈرگ مافیا، پٹرول مافیا،پی ٹی آئی میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول تو باہر سے آتا ہے لیکن ملک میں پیدا ہونے والی چینی،آٹے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کیوں اضافہ ہوتا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے حکومت کہتی ہے کہ ہم نے 20 ارب روپے سبسڈی دی ہے ایک سو بیس ارب روپے تو پی ٹی آئی کے مافیا نے ایک رات میں قوم سے لیے ہیں۔سراج الحق نے کہاکہ قوم کو سبسڈی نہ دیں بلکہ اس دور میں قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کو واپس لیا جائے۔تاکہ عوام زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی نظام تباہ ہے دنیا مریخ پر جارہی ہے حکمرانوں نے قوم کو لنگر خانوں پر لگا دیا ہے مسافر خانے دکھائے جا رہے ہیں۔اس حکومت نے جھوٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔
سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی،ن لیگ کے اپنے ایجنڈے ہیں لیکن جماعت اسلامی کا ایجنڈا عوامی ہے کہ ملک میں نظام مصطفی نافذ کرنا ہے سراج الحق نے کہا کہ 28 نومبر کو جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کا اسلام آباد میں مہنگائی،بیروزگاری اور غیر اسلامی قانون سازی کے خلاف یوتھ مارچ ہوگا۔
کارکنان جماعت اسلامی کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے سراج الحق نے کہا کہ آج بین الاقوامی اعدادوشمار کے مطابق پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ادارے کمزور ہوئے میرٹ کی خلاف ورزی ہوئی اور مسلسل لوٹ مار میں اضافہ ہوا ہے۔پیسے والوں کے پیسے میں اضافہ اور غریب کنگال ہو گیا ہے۔ملکی حالات کی وجہ سے تاجرپریشان ہیں ڈاکٹر،انجینئرزسمیت پروفیشنل طبقات ملک چھوڑرہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ 28نومبرکوڈی چوک اسلام آباد کی جانب جماعت اسلامی کا گرینڈ احتجاجی مارچ ہوگا وزیراعظم عمران خان کی جان نہیں چھوڑیں گے انھیں ایک کروڑنوکریوں اور 50لاکھ گھروں کے وعدوںکا جواب دینا ہوگا۔