کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ سے پولیو کا ایک نیا کیس سامنے آگیا۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے 15 ماہ کے انیس خان نامی بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔حکام کے مطابق بلوچستان میں رواں سال پولیوکے 14 کیسز رپورٹ ہوئے جو پورے ملک میں سب سے زیادہ کیسز ہیں, پاکستان میں پولیو کے رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل کوئٹہ میں ایک اور بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک افسر نے بتایا تھا کہ نیا کیس کوئٹہ ضلع میں ایک 24 ماہ کے بچے میں رپورٹ ہوا۔دریں اثنا، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، عائشہ رضا فاروق نے ایک بیان میں بلوچستان میں پولیو کے کیسز میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور حفاظتی پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں ہر بچے تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔