ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی ملاقات، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سے ان کی خوش دامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا

 اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی مزاج پرسی کی اور ان کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا استقبال کیا اور ملک کی مجموعی سیاسی واقتصادی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کے معاشی و سیاسی معاملات کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے موجودہ حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے بہتر مفاد کے لیے موجودہ حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے ایوان بالا میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان کی خدمات کو سراہا اور ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے جو ملک کے اقتصادی، معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل کو حل کرنے کے لیے فائدہ مند ہو۔موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک کے حالات میں بہتری نظر آ رہی ہے وزیراعظم پاکستان کی کوشش ہے کہ ملک میں بین الاقوامی سرمایہ کاری زیادہ سے زیادہ لائی جائے تاکہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری لائی جا سکے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی دیکھنے میں آئی ہے پٹرولیم اوربجلی سمیت مختلف ا شیاخورد نوش کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ملک کے معاشی، سیاسی، سماجی حالات کو بہتر بنانے کے تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کا فرض بنتا ہے کہ وہ ملک کے بہتر مفاد اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک صفحے پر اکٹھے ہو جائیں ملک کو اس وقت اتحاد یکجہتی، اتفاق اور مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو ملک و عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے موجودہ حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی بانی اور قومی جماعت ہے اس جماعت کے تمام ذمہ داران اور اراکین وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف جو ملک کی ترقی خوشحالی اور بھائی چارے کا ویژن رکھتے ہیں ان کا بھرپور ساتھ دیں۔ پارلیمنٹ ایک سپریم ادارہ ہے ایوان بالا جو ہاوس آف فیڈریشن ہے جس میں ملک کی تمام اکائیوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے وہ ملک کے لیے بہتر مفاد کے لیے موثر قانون سازی عمل میں لارہاہے۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین سے اپیل ہے کہ وہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے موجودہ حکومت کا ساتھ دیں اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو جو مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا بہتر حکمت عملی سے ہم ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے موجودہ حکومت پرعزم ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے بہتر مفاد کے لیے موجودہ حکومت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے بھی تیار ہے موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں خاصی کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ملک میں تجارت اور کاروبار فروغ پا رہے ہیں۔