اسلام آباد(صباح نیوز)عافیہ موومنٹ کے وفد نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی سربراہی میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ جس میں نائب وزیراعظم نے وفاقی اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی موجودگی میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دہانی کروائی کہ وہ خط کے ذریعے امریکی حکومت سے عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔ اس یقین دہانی کی بنیاد پر عافیہ موومنٹ 22 ستمبر کو ڈی چوک پر ہونے احتجاجی دھرنے کو موخر کر رہی ہے۔
آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ دریں اثنا عافیہ موومنٹ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 23 ستمبر کو ڈاکٹر عافیہ کو 86 سالہ سزا سنائے جانے کے حوالے سے جو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی جا چکی ہے اس میں تمام سیاسی و سماجی تنظیمیں بھرپور طریقے سے شرکت کریں اور ایسی موثر اواز بلند کریں کہ جس کی گونج دنیا بھر میں سنائی دے۔