حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا،میاں محمد اسلم


  اسلام آباد ( صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک میں مسلط حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے،ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہو گا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں اسلام آباد کی یونین کونسل آئی ٹین کے دورے کے موقع پر شہریوں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں محمد اسلم نے کہاکہ  حکمران و اپوزیشن جماعتیں ذاتی جائیدادیں اور بینک بیلنس بنارہی ہیں،ملک کی سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ پانی، بجلی،گیس اور پیٹرول ہے ہی نہیں،مسائل کے حل کے لیے ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک اوردھکا دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت حق دو عوام تحریک جاری ہے اس سلسلے میں ممبر ساز ی مہم چلائی جارہی ہے ،پورے پاکستان میں 50لاکھ ممبر شب کی جائے گی، عوام جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کا حصہ بنیں اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں،کارکنان پورے اعتماد کے ساتھ عوام میں جائیں اور ممبر سازی مہم چلائیں۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی غریب عوام کی سب سے بڑی توانا آواز ہے،پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کا حصہ ہے،ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہوگا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا، بدقسمتی سے ہمارے ملک پر امریکہ آلہ کار مسلط ہیں جو آئی پی پیز کے نام پر ٹیکسز وصول کر کے عوام کا خون نچوڑرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال بننے پر مجبور نہ کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔