قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نئی پارٹی پوزیشن جاری کر دی،پی ٹی آ ئی ممبران کو سنی اتحادکونسل کے اراکین ظاہر کیا گیا


اسلام آباد (صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کے بعد قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن تبدیل ہو گئی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نئی پارٹی پوزیشن جاری کر دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے 80 اراکین کو سنی اتحاد کونسل کا رکن ظاہر کیا گیا اس سے پہلے 39 اراکین تحریک انصاف اور 41 کو آزاد ڈیکلیئر کیا گیا تھا۔

سپیکر کے خط کے فوری بعد نئی پارٹی پوزیشن جاری کی گئی  جس کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی 110 اور پیپلزپارٹی کی 69 نشستیں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے 22، ق لیگ کے 5 اور آئی پی پی کے 4 اراکین ہیں۔ مسلم لیگ ضیا، بی اے پی اور نیشنل پارٹی کا ایک ایک رکن ہے۔

سنی اتحاد کونسل 80، جے یو آئی ف 8 اور آزاد اراکین کی تعداد بھی 8 ہے۔ پی کے میپ، بی این پی مینگل اور ایم ڈبلیو ایم کی ایک ایک نشست ہے۔ ایک آزاد رکن قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر رکھی ہے۔الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد کی صورت میں 23 مخصوص نشستیں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کو ملیں گی۔ مسلم لیگ ن کو 15، پیپلز پارٹی کو 5 اور جے یو آئی کو تین مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے ۔